(کولگام) جموں و کشمیر پولیس کے ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کی ضلع پولیس لائن کولگام میں ڈیوٹی کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت بلال احمد میر ولد عبدالرحمان میر کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع کولگام کے دیوسر علاقہ چندیاں پجن کا رہنے والا تھا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بلال کو دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی، بعد میں اسے ضلع اسپتال کولگام لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ حکام نے بتایا کہ طبی قانونی کارروائیوں کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔