امت نیوز ڈیسک //
راجوری: جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں مشتبہ دھماکے کے بعد انتظامیہ نے پیر کے روز لیے جانے والے امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق بابا غلام شاہ پادشاہ یونیورسٹی راجوری میں پیر کے روز لیے جانے والے سمسٹر امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے اپر ڈانگری گاؤں میں مشتبہ دھماکہ ہوا، یہ دھماکہ گزشتہ کل فائرنگ کے واقعہ کے متاثرین کے گھر کے قریب ہوا۔ اے ڈی جی پی مکیش سنگھ کے مطابق اس دھماکہ میں ایک بچہ کی موت ہوگئی ہے جب کہ پانچ دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور مشتبہ آئی ای ڈی برآمد ہوا ہے جس کی جانچ کی جارہی ہے۔ وہیں جموں و کشمیر انتطامیہ نے ہلاک ہونے والوں کو 10 لاکھ روپیے اور سرکاری نوکری جب کہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپیے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ آج ہی کے دن مذکورہ گاؤں میں ایک اور بڑا واقعہ پیش آیا ہے جہاں کچھ نامعلوم مسلح افراد نے تین رہائشی مکانوں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں چار افراد کی ہسپتال میں موت ہوگئی جب کہ مزید چھ افراد زیر علاج ہیں، جن میں دو کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں ہوائی سروس کے ذریعہ جموں میڈیکل کالج میں منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام کا تعلق ضلع راجوری کے گاؤں ڈانگری سے ہے۔ ان دونوں واقعات کے بعد علاقے میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے، گاؤں کے اطراف میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا۔