امت نیوز ڈیسک//
نئی دہلی: سالِ نو کی رات ایک صدمہ انگیز واقعہ میں دہلی کے کنجھا والا علاقہ میں ایک خاتون کی برہنہ نعش پائی گئی۔ ایک تیزرفتار کار اسے سلطانپوری سے گھسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئی تھی۔
یہ خاتون ایک اسکوٹر چلاتے ہوئے جارہی تھی۔ اتوار کی اوّلین ساعتوں میں ایک کار نے اسے ٹکر دے دی اور یہ خاتون کار کے نیچے آکر کئی کیلو میٹر تک گھسٹتی گئی۔
کار میں سوار پانچوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دہلی کمیشن برائے خواتین کی صدر سواتی مالیوال نے اس واقعہ پر صدمہ ظاہر کرتے ہوئے دہلی پولیس کو ایک نوٹس جاری کی ہے۔
مالیوال نے ٹوئٹ کیا کہ دہلی کے کنجھا والا علاقہ میں ایک لڑکی کی برہنہ نعش پائی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ چند لڑکوں نے جو نشہ کی حالت میں تھے، اپنی کار سے اسکوٹر کو ٹکر دے دی اور اسے کئی کیلو میٹر تک گھسیٹتے لے گئے۔ یہ معاملہ انتہائی خطرناک ہے۔ میں دہلی پولیس کو حاضری سمن جاری کررہی ہوں۔
ٹکر دینے والی کار بالینو تھی، جس کی اتوار کے روز شناخت کی گئی اور یہ صدمہ انگیز واقعات پیش آنے کے وقت کار میں سوار پانچوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ بالینو کار کے اسکوٹر کو ٹکر دینے کے باوجود ان لوگوں نے کار نہیں روکی اور اس لڑکی کے کپڑے کار میں لپٹ گئے اور وہ کئی کیلو میٹر تک کار کے ساتھ گھسٹتی گئی، جس کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔
پوچھ تاچھ کے دوران پانچوں ملزمین نے کہا کہ وہ اس بات سے واقف نہیں تھے کہ کار لڑکی کو گھسیٹ رہی ہے۔ بہرحال پولیس والوں کا ماننا ہے کہ ٹکر دینے کے بعد وہ لوگ تیزی سے فرار ہورہے تھے۔
ملزمین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سلطانپوری علاقہ میں ان کی کار نے ایک اسکوٹر کو ٹکر دی تھی۔ ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ایک لاش کار کے نیچے لٹک رہی ہے اور یہ کار قطب گڑھ کی طرف بڑھ رہی ہے۔
فون کرنے والے نے کار کا نمبر نوٹ کیا اور پولیس کو اس کی اطلاع دی تھی۔ اسی نمبر کی بنیاد پر پولیس نے ملزمین کو پکڑ لیا۔