امت نیوز ڈیسک //
جموں:مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں منگل-بدھ (30-31 مئی) کی درمیانی شب بھارتی فوج کے جوانوں نے عسکریت پسندوں کی دراندازی کو ناکام بنا دیا۔ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد مسلسل خبریں آرہی تھیں کہ وہاں بیٹھے عسکریت پسند جموں کشمیر سرحد پر اپنے ساتھیوں کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں۔ اس معاملہ پر پر پوری طرح مستعد بھارتی فوجیوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب عسکریت پسندوں کی دراندازی کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
پریشر کوکر سے دھماکہ خیز مواد برآمد
گرفتار شدہ عسکریت پسندوں کے قبضے سے افغانستان میں بنایا گیا پریشر کوکر آئی ای ڈی بھی برآمد ہوا ہے جس میں 10 کلو آر ڈی ایکس رکھا گیا تھا۔ یہ برتن آن لائن شاپنگ سائٹ Amazon پر بابا پریشر کوکر کے نام سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ بابا پریشر کوکر افغانستان میں بنایا جانے والا ایک خاص شکل والا برتن ہے جو بڑی مقدار میں کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کوکر کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے عسکریت پسندوں نے اس میں تقریباً 10 کلو دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا تاکہ ہندوستان میں کوئی بڑا حملہ کیا جا سکے۔ جانکاری کے مطابق خراب موسم اور بارش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عسکریت پسندوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات جموں کے پونچھ میں سرحد سے دراندازی کی کوشش کی۔
ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ 30 اور 31 مئی کی درمیانی رات کو تین سے چار عسکریت پسندوں نے دراندازی کی کوشش کی، جس کا فوج نے پتہ لگایا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب فوج کے جوانوں نے دراندازی کرنے والے عسکریت پسندوں کو گھیر لیا اور دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس فائرنگ میں کچھ عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے جب کہ اس فائرنگ میں بھارتی فوج کا ایک سپاہی بھی زخمی ہوا۔ اس آپریشن میں فوج نے دراندازی کرنے والے تین عسکریت کو بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کے ساتھ گرفتار کیا۔ سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے ایک اے کے 56 رائفل، دو پستول، 10 کلو گرام آئی ای ڈی، 6 چینی دستی بم اور 20 منشیات کے پیکٹ برآمد کیے ہیں۔