امت نیوز ڈیسک//
سری نگر: منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی ایک ٹیم نے بنر کراسنگ پر ناکہ کے دوران دو افراد کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 80 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت جاوید احمد لون ولد محمد رمضان اور طارق احمد لون ولد غلام نبی ساکنان کھڈنیار بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلےچار مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 79 مقدمے درج کرکے 36 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 145 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے ایک کروڑ 88 لاکھ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔