امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 21 اپریل: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والا نوجوان آصف احمد بٹ، جو 29 مارچ سے دبئی میں لاپتہ تھا، متحدہ عرب امارات کی ایک جیل میں پایا گیا ہے۔
آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق آصف احمد بٹ، جو بٹ پورہ ڈیلگام کا رہائشی ہے، کو سوشل میڈیا پر ایران سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل AIMSA نے نوجوان کی گمشدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ ہند سے فوری مداخلت کی اپیل کی تھی۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ علاقائی سیکیورٹی سے متعلق غیر مصدقہ یا حساس مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اس پیش رفت کے بعد AIMSA نے خلیجی ممالک میں مقیم افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتیں اور حساس یا تنازعات سے متعلق مواد شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ اس کے سنگین قانونی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔





