امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 30 اپریل : سری نگر پولیس نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر علیحدگی پسند اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے کے الزام میں التجا مفتی سمیت دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی اُس وقت عمل میں لائی گئی جب حکام کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر علیحدگی پسند نظریات کی تشہیر اور مبینہ گمراہ کن معلومات کی ترسیل سے متعلق قابلِ اعتبار اطلاعات موصول ہوئیں۔ اس کے بعد سری نگر پولیس نے ابتدائی جانچ شروع کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس طرح کا مواد جان بوجھ کر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پھیلایا جا رہا تھا، جس کا مقصد علیحدگی پسند بیانیے کو فروغ دینا اور عوامی نظم و نسق کو متاثر کرنا ہو سکتا ہے۔
ایک سرکاری افسر کے مطابق، “یہ مواد ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔”
پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 11/2026 سائبر پولیس اسٹیشن سری نگر میں درج کی ہے، جس میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات 152، 196(1) اور 353(1)(b)، (c) اور (2) شامل ہیں، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر التجا مفتی کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں سید علی شاہ گیلانی کو دکھایا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں چند نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جن پر اس مواد کو پھیلانے اور بڑھاوا دینے کا الزام ہے۔
ادھر پولیس نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد بنانے یا شیئر کرنے سے گریز کریں، اور خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






