امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 4 جولائی: سرینگر ایئرپورٹ انتظامیہ نے پیر اور منگل کے روز رن وے بند رکھنے کا مجوزہ منصوبہ واپس لے لیا ہے۔ اب اکتوبر 2026 تک صرف رات کے اوقات میں معمول کی دیکھ بھال (مینٹیننس) کے لیے رن وے بند رکھا جائے گا۔
ایئرپورٹ کی جانب سے جاری آپریشنل اپ ڈیٹ کے مطابق پروازوں کی آمد و رفت تمام دنوں میں معمول کے مطابق جاری رہے گی، جبکہ ایئرپورٹ کے آپریشنل اور واچ اوقات صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ پیر اور منگل کو رن وے بند رکھنے سے متعلق مجوزہ نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) واپس لے لیا گیا ہے۔ ایئرلائنز موجودہ آپریشنل اوقات کے مطابق اپنی پروازوں کے شیڈول کو اپ ڈیٹ کرتی رہیں گی۔
مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں اور آپریشنل معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔






