امت نیوز ڈیسک //
سوپور، 10 اپریل: شمالی کشمیر کے سوپور کے علاقے سیلو میں جمعہ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں آوارہ کتے کے حملے میں ایک کمسن بچی جاں بحق ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی شناخت ایمن عدنان شیخ کے طور پر ہوئی ہے جو عدنان احمد شیخ کی بیٹی اور سیلو سوپور کی رہائشی تھی۔
رپورٹس کے مطابق بچی اپنے کھیت کی جانب گئی تھی جب اس پر اچانک ایک آوارہ کتے نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحصیلدار بومئی زینگیر زاہد رشید اور ڈی او بس اسٹینڈ سوپور شعیب احمد موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ میونسپل کمیٹی سوپور کی لاپرواہی کے باعث علاقے میں آوارہ کتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں پر فوری قابو پایا جائے اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔






