امت نیوز ڈیسک //
شوپیان، 30 اپریل: ضلع شوپیان کے فروٹ منڈی اگلار میں بدھ کی شام ایک زور دار بوائلر دھماکے کے نتیجے میں دو انجینئروں کی موت ہوگئی جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
حکام کے مطابق تین انجینئر ایک اسٹیمر/بوائلر کی مرمت کے دوران اچانک دھماکے کی زد میں آ گئے، جس کے باعث تینوں شدید زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال شوپیان منتقل کیا گیا، جہاں سوربھ سنگھ نامی انجینئر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا انجینئر بھی دوران علاج جانبر نہ ہو سکا۔
تیسرا زخمی انجینئر اس وقت زیر علاج ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ متوفی انجینئرز کا تعلق علی گڑھ، اتر پردیش سے تھا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کر لیا ہے اور دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔






