امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے نیشنل کانفرنس (این سی) صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر قاتلانہ حملے کے معاملے میں ملزم کمل سنگھ جموال کے خلاف جمعہ کو چارج شیٹ پیش کر دی۔ یہ چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ جموں کی عدالت میں پیش کی گئی۔
گیارہ مارچ کو جموں شہر کے گریٹر کیلاش علاقے میں واقع رائل پارک بینکوئٹ ہال میں کمل سنگھ جموال نے قریب سے فاروق عبداللہ پر فائرنگ کی تھی، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے اور جموال کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں، بھیم سین توتی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ اس ٹیم میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے شرما، ایس پی ہیڈکوارٹر جموں ارشاد احمد راتھر، ڈی وائی ایس پی اروند کمار سامبیال اور چار انسپکٹرز شامل تھے، جن میں سروپ سنگھ، پرمجیت سنگھ، سنجیو چیب اور شاریق مجید شامل ہیں۔ تقریباً دو ماہ کی تحقیقات کے بعد آج عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور برسوں سے فاروق عبداللہ کو مارنے کی خواہش رکھتا تھا اور عبداللہ خاندان کے خلاف اس کی یہ پرانی ناراضگی اور نفرت تھی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں زرعی اصلاحات اور "لینڈ ٹو ٹلر” (Land To Tiller) قانون نافذ ہونے کے بعد ملزم کے خاندان کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اپنی زمین کے ایک بڑا حصہ سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
11 مارچ کی شام سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور دیگر لوگوں کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اسی دوران 63 سالہ کمل سنگھ جموال نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ان پر قریب سے فائرنگ کر کے انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے۔
فاروق عبداللہ کے این ایس جی محافظوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں کر لیا، جس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ ملزم کو گنگیال پولیس اسٹیشن لے گئے۔






