امت نیوز ڈیسک //
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تین اہم مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ انکشاف ان مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے جو لاہور میں پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نمائندوں کے درمیان ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کے سامنے تین بڑے مطالبات رکھے تھے، جن میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز کی بحالی،ریونیو شیئر میں اضافہ،اور مستقبل میں کسی بھی ’’ہینڈ شیک تنازع‘‘ سے بچاؤ شامل تھا۔تاہم آئی سی سی نے ان مطالبات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
ٹیلی کام ایشیا اور دیگر ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی سی بی نے آئی سی سی پر بی سی سی آئی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے عالمی کرکٹ کا توازن متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کی وجہ بنگلہ دیش کے ٹورنامنٹ سے اخراج پر آئی سی سی کا مبینہ جانبدارانہ رویہ بتایا جا رہا ہے۔
آئی سی سی نے پی سی بی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس معاملے کو ثالثی کمیٹی یا آئی سی سی بورڈ اجلاس میں اٹھائے۔ اجلاس کے بعد کوئی مشترکہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ اب حکومتِ پاکستان کرے گی۔





