امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی، 25 مارچ: انڈین آوئل کارپوریشن نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی پیٹرول اور ڈیزل کی قلت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی معمول کے مطابق اور وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری ایڈوائزری میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام انڈین آئل پٹرول پمپس پر ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔
انڈین آئل کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں نے عوام میں بے چینی پیدا کی، جس کے باعث کچھ مقامات پر گھبراہٹ میں زیادہ مقدار میں ایندھن خریدا جا رہا ہے۔ کمپنی نے شہریوں سے معمول کے مطابق ہی ایندھن خریدنے کی اپیل کی تاکہ سپلائی نظام متاثر نہ ہو۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باعث افواہیں ضرور پھیل رہی ہیں، تاہم ملک میں ایندھن کی ترسیل اور ذخائر مستحکم ہیں اور حکومت و تیل کمپنیاں صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی قسم کی افواہ یا غیر مصدقہ خبر کو پھیلانے سے گریز کریں تاکہ ایندھن کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔






