امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: بھارت کے وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اگر کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو بھارت اس کا غیر معمولی اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
انہوں نے کیرالہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہے اور فوج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیرِ دفاع نے پہلگام حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے فوری اور سخت ردِعمل دیا اور یہ کارروائیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پار سے کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ حکومت ملک کے مفادات کے تحفظ اور شہریوں کی سلامتی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے، جبکہ اپوزیشن کو اس نازک وقت میں سیاست سے گریز کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔






