امت نیوز ڈیسک //
بیجبہاڑہ، 13 اپریل:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بیجبہاڑہ علاقے میں دریائے جہلم میں ڈوبنے والے دو افراد کی لاشیں طویل تلاش کے بعد برآمد کر لی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق متوفین کی شناخت شاہد بشیر ملک اور مجید کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں بیجبہاڑہ کے رہائشی تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں اپنی بھیڑوں کو نہلانے کے لیے دریا کے کنارے گئے تھے، جہاں وہ پھسل کر دریا میں گر گئے اور تیز بہاؤ کی نذر ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ مقامی لوگوں نے بھی تلاش میں بھرپور حصہ لیا۔
کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد دونوں لاشیں دریا سے نکال لی گئیں۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔




