امت نیوز ڈیسک //
کولگام، 19 اپریل: وزیر صحت و تعلیم سکینہ ایتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں کولگام کے ایک نوجوان کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جہاں اہلِ خانہ نے طبی غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔
متوفی کی شناخت بلال احمد میر کے طور پر ہوئی ہے، جو یار ہولہ بیہامہ کے رہائشی تھے اور اننت ناگ میں ایک افسوسناک حادثے کے بعد دم توڑ گئے۔
وزیر موصوفہ نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا، “مریضوں کی دیکھ بھال پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
یہ بات انہوں نے کولگام کے علاقے چمب گنڈ کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کا افتتاح بھی کیا۔





