امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے عوام کے لیے ایک اہم اطلاع جاری کرتے ہوئے آج سول ڈیفنس ایئر ریڈ بلیک آؤٹ ماک ایکسرسائز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق یہ ماک ڈرل دو مراحل میں منعقد ہوگی۔ پہلا مرحلہ دوپہر ساڑھے تین بجے جب کہ بلیک آؤٹ ایکسرسائز رات آٹھ بجے سے آٹھ بج کر دس منٹ تک جاری رہے گی۔اس مشق کا مقصد عوام کو ہنگامی حالات خصوصاً بلیک آؤٹ جیسی صورتحال میں حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا اور انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ رات آٹھ بجے سائرن بجتے ہی تمام روشنیاں بند کر دیں، جن میں گھریلو لائٹس، انورٹر، سولر لائٹس، موبائل اور گاڑیوں کی لائٹس شامل ہیں۔کھڑکیوں اور دروازوں پر پردے ڈالے جائیں تاکہ روشنی باہر نہ جائے۔لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ گھبرائیں نہیں کیونکہ یہ صرف ایک ماک ڈرل ہے۔بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو پہلے سے مطلع کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ اس دوران تمام ایمرجنسی سروسز اور ضروری سہولیات معمول کے مطابق دستیاب رہیں گی، اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ اس مشق کو کامیاب بنایا جا سکے.






