امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جموں و کشمیر میں سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے 670 کمپنیوں پر مشتمل سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ امرناتھ یاترا کی تاریخ میں نیم فوجی دستوں کی سب سے بڑی تعیناتی ہوگی، جس کا مقصد لاکھوں یاتریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 57 روزہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوکر 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کے دوران ملک بھر سے بڑی تعداد میں عقیدت مند جموں و کشمیر پہنچیں گے، جس کے پیش نظر سکیورٹی کے وسیع اور سخت انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر کی سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان کئی اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے بعد سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نیم فوجی دستوں کو انٹری پوائنٹ لکھن پور سے لے کر جنوبی کشمیر میں واقع امرناتھ گھپا تک مختلف حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔
سکیورٹی فورسز کی تعیناتی بالتل اور پہلگام کے دونوں روایتی راستوں، ننون اور بالتل بیس کیمپوں، یاتری نواس جموں، جموں سرینگر قومی شاہراہ، پٹھانکوٹ-جموں ہائی وے اور دیگر اہم مقامات پر کی جائے گی جہاں یاتریوں کی نقل و حرکت زیادہ رہتی ہے۔ حکام کے مطابق اضافی نیم فوجی دستے جون کے پہلے ہفتے سے جموں و کشمیر پہنچنا شروع ہوجائیں گے جبکہ مکمل تعیناتی 25 جون تک مکمل کر لی جائے گی، تاکہ یاترا شروع ہونے سے قبل تمام حفاظتی انتظامات پوری طرح نافذ ہو سکیں۔
بھارتی فوج بھی یاترا کے دوران اہم ذمہ داریاں انجام دے گی۔ فوج کی جانب سے امرناتھ گھپا اور یاترا راستوں کے اطراف واقع بلند پہاڑی علاقوں پر خصوصی نگرانی رکھی جائے گی، جبکہ جموں و کشمیر پولیس سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعہ یاترا کے دوران امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بالتل، چندن واڑی، ننون اور یاتری نواس جموں جیسے حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کئے جائیں گے۔
شاہراہوں پر روڈ اوپننگ پارٹیز (آر او پیز )، ایریا ڈومینیشن پٹرولنگ اور نگرانی کے عمل میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ یاتریوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ جموں سرینگر ریلوے ٹریک، خاص طور پر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سروس کے تناظر میں، خصوصی نگرانی میں رہے گا۔ ادھم پور، کٹرہ، ریاسی، بانہال اور قاضی گنڈ ریلوے سیکشنز پر سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق امرناتھ یاترا کیلئے رجسٹریشن کا عمل 15 اپریل سے ملک بھر میں مختلف بینک شاخوں کے ذریعے جاری ہے اور اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد عقیدت مند رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ وہیں رجسٹریشن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ واضح رہے کہ امرناتھ یاترا 3 جولائی کو بالتل سونہ مرگ اور ننون پہلگام راستوں سے بیک وقت شروع ہوگی جبکہ 28 اگست کو رکشا بندھن اور شراون پورنیما کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔





