امت نیوز ڈیسک//
سری نگر، یکم جون: جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفنسز ونگ کشمیر نے سری نگر میں زمینی دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں تین ملزمان کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق ایف آئی آر نمبر 03/2024 کے تحت رانبیر پینل کوڈ کی دفعات 420، 468، 167 اور 120-بی کے تحت تین افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق خشی پورہ، ایچ ایم ٹی سری نگر میں واقع ایک ہی اراضی کے ٹکڑے کو متعدد خریداروں کے نام الگ الگ رجسٹرڈ سیل ڈیڈز کے ذریعے فروخت کیا گیا۔
کرائم برانچ کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مہراج الدین کھانڈے اور شبیر احمد کھانڈے، ساکنان خشی پورہ ابان شاہ سری نگر، نے مبینہ طور پر اُس وقت کے پٹواری (جو اب وفات پا چکے ہیں) کے ساتھ ملی بھگت کر کے ایک ہی زمین کی متعدد فروختی دستاویزات تیار کیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق خریداروں کو گمراہ کرنے اور غیر قانونی مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے جعلی اور رد و بدل شدہ ریونیو ریکارڈ استعمال کیے گئے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عدالتی کارروائی کے لیے چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔
کرائم برانچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مالی اور زمینی دھوکہ دہی کے معاملات میں محتاط رہیں اور ایسے واقعات کی فوری اطلاع سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اکنامک آفنسز ونگ سری نگر کو دیں۔ متاثرہ افراد محکمہ کی سرکاری ای میل کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔





