امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، یکم جون: رن وے کی مرمت اور دوبارہ سطح بندی کے کاموں کے پیش نظر سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈہ جولائی سے ستمبر 2026 تک ہر ہفتے پیر اور منگل کے روز پروازوں کے لیے بند رہے گا۔
ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) سری نگر کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران ہر پیر اور منگل کو مسافر پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رن وے کی مرمت کے جاری منصوبے کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا ہے اور تمام متعلقہ ایئر لائنز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل فروری میں بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری ایک مراسلے میں بتایا گیا تھا کہ یکم اگست سے 15 اکتوبر تک ہر ہفتے ہفتہ اور اتوار کو ہوائی اڈہ بند رہے گا، تاہم اب اس شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے بندش کے دن پیر اور منگل مقرر کیے گئے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق یکم جولائی سے نافذ ہونے والی اس نئی ترتیب کے تحت تین ماہ تک ہر ہفتے دو دن پروازیں معطل رہیں گی، جبکہ ستمبر کے بعد آپریشنز کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل اپریل سے جولائی تک بھی رن وے کی مرمت کے باعث سری نگر ہوائی اڈے پر پروازوں کے اوقات محدود کر دیے گئے تھے۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری نوٹم (NOTAM) کے مطابق 6 اپریل سے 31 جولائی تک شیڈول پروازوں کی آمد و رفت شام 5 بجے تک محدود رکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اگرچہ آپریشنل اوقات میں کمی کی گئی ہے، تاہم ڈی جی سی اے کے منظور شدہ سمر شیڈول کے مطابق پروازوں کی تعداد برقرار رکھی گئی ہے اور بعض اوقات اس میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔
فی الوقت سری نگر ہوائی اڈہ روزانہ تقریباً 35 سے 40 پروازوں کی آمد و روانگی کو سنبھال رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایئر لائنز نئے اوقات کار کے مطابق اپنی پروازوں کا شیڈول مرتب کریں گی۔






