امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ، 10 جون: بارہمولہ پولیس نے منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں ملوث پائے جانے والے اسپیشل پولیس آفیسر کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق خالد نذیر خان ساکن کٹی پورہ ٹنگمرگ کو 23 اپریل 2026 کو وسان کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران مشتبہ حالت میں پایا گیا۔ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک آلٹو گاڑی کو روکا، جس میں موجود افراد کے قبضے سے سرنجیں، سوئیاں اور منشیات کے استعمال میں آنے والا سلور فوائل کاغذ برآمد کیا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنزر میں ایف آئی آر نمبر 46/2026 درج کرکے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 27 اور 29 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ایک نظم و ضبط والی فورس کے رکن کے لیے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا ناقابل قبول ہے، لہٰذا مذکورہ ایس پی او کو فوری طور پر سروس سے الگ کر دیا گیا ہے۔
بارہمولہ پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے اندر نظم و ضبط، دیانتداری اور جوابدہی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔






