امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 29 جون: جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو خط لکھ کر جموں و کشمیر کے گوشت تاجروں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مویشی لے جانے والی گاڑیوں کی پنجاب سے بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
اپنے خط میں عمر عبداللہ نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی بردار گاڑیوں سے مبینہ طور پر غیر مجاز وصولیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن کا فوری ازالہ ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بروقت کارروائی سے نہ صرف جموں و کشمیر کے تاجروں اور صارفین کے مفادات کا تحفظ ہوگا بلکہ پوری یونین ٹیریٹری میں گوشت کی سپلائی بھی متاثر ہونے سے بچ جائے گی۔
عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت اس معاملے میں فوری اقدامات کرے گی، مویشی بردار گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی اور تجارتی برادری کے تحفظات دور کرے گی۔




