امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 27 جولائی: وادیٔ کشمیر میں سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکول 21 روزہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد پیر کے روز دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئیں۔
صبح کے اوقات میں طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں اپنے اسکولوں کا رخ کرتے ہوئے نظر آئے، جبکہ تدریسی عمل بھی دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ محکمۂ اسکولی تعلیم نے رواں ماہ گرمی کی شدت کے پیشِ نظر موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد میں شدید گرمی اور بعض علاقوں میں ناموافق موسمی حالات کے باعث ان تعطیلات میں توسیع کر دی گئی تھی۔
حکام کے مطابق تعطیلات میں توسیع کا مقصد طلبہ کی حفاظت، صحت اور سہولت کو یقینی بنانا تھا۔ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے ساتھ ہی وادی بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں معمول کی تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ (جی این ایس)






