امت نیوز ڈیسک //
پونے:مہاراشٹر کے پونے ضلع میں گوجوباوی گاؤں کے قریب تربیتی سیشن کے دوران ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں پائلٹ اور اس کا ٹرینر دونوں زخمی ہو گئے۔ دونوں کو قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ پونے دیہی پولیس افسر نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔ چار دنوں کے اندر تربیتی طیارے کے گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
جانکاری کے مطابق طیارہ بارامتی تعلقہ کے گوجوباوی گاؤں کے قریب صبح آٹھ بجے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ یہ طیارہ ریڈ برڈ فلائٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا تھا۔ اس سے قبل 19 اکتوبر کو پونے ضلع کے ایک گاؤں میں ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں دو لوگ تھے۔ طیارے کے پائلٹ اور طیارے میں سوار ایک اور شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ طیارے نے نجی تربیت کے لیے ٹیک آف کیا تھا۔ اس کا تعلق کسی پائلٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے تھا۔ اس سے قبل 25 جولائی 2022 کو پونے میں ایک سیٹ والا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ جہاز میں سوار ایک خاتون پائلٹ زخمی ہو گئیں۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں۔ طیارہ ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔









