امت نیوز ڈیسک //
حیدرآباد: بنگلہ دیش حکومت کے کھیلوں کے مشیر آصف نذرول نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ہندوستان میں ورلڈ کپ نہیں کھیلے گی۔ ان کا یہ فیصلہ ایک دن بعد آیا ہے جب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے مقام تبدیل کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور بھارت میں بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو سکیورٹی خطرات سے متعلق خدشات کو مسترد کر دیا تھا۔
آئی سی سی کے فیصلے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حکام، قومی ٹیم کے کرکٹرز اور عبوری حکومت کے اسپورٹس ایڈوائزر نے ایک اہم میٹنگ کی، جس میں بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا
بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرال کا بیان
بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرال نے کہا ہے کہ ہم سب ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن بھارت میں ہمارے کھلاڑیوں اور وفد کی سکیورٹی سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ اس وقت شروع ہوا جب ہمارے ایک کھلاڑی کو ٹورنامنٹ سے نکال دیا گیا۔
آصف نذرال کے مطابق آئی سی سی چاہے جتنا بھی کہے کہ کوئی سکیورٹی مسئلہ نہیں ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ایک کھلاڑی کو اسی ٹورنامنٹ سے باہر کیا گیا جس کی میزبانی وہی ملک کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اُس واقعے کے بعد اب ایسا کیا بدل گیا ہے؟ اگر مصطفیٰ الزرحمان کو مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جا سکی تو ہم کیسے یقین کریں کہ آئی سی سی ہمارے کھلاڑیوں کو مکمل تحفظ دے پائے گی؟
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت نجی نوعیت کی ہے اور وہ اس کی تفصیلات عوام کے سامنے نہیں لائیں گے۔ ان کے مطابق ملاقات کا مقصد صرف یہ جاننا تھا کہ کھلاڑی کیا چاہتے ہیں۔
آصف نذرال نے واضح کیا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کسی بھی قسم کے خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہے، لیکن بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا میں۔





