امت نیوز ڈیسک//
سرینگر: جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں آج پہلی نئی حکومت کی تشکیل عمل میں آگئی۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے یو ٹی کے پہلے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا۔ سرینگر ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں عمر عبداللہ نے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھالیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عمر عبداللہ کے علاوہ دیگر 5 کابینی وزرا کو حلف دلایا۔
این سی کے رہنما سریندر کمار چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ اس کے علاوہ سکینی ایتو، جاوید احمد رانا نے بھی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔
ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ جموں و کشمیر میں آئین ہند پر وزیر اعلیٰ اور ان کے کابینہ وزراٗ حلف لے رہے ہیں۔ قبل ازیں جموں و کشمیر کے آئین پر حلف لیا جاتا تھا لیکن دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد آئین جموں و کشمیر کو منسوخ کیا گیا ہے۔








