امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 25 مارچ: محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ آسیہ اندرابی کو سنائی گئی عمر قید کی سزا پر نظرثانی کی جائے اور انہیں انسانی بنیادوں پر پیرول دی جائے۔
سری نگر میں اپنی جماعت کے دفتر میں شجرکاری مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمر قید کے تصور کو دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے اور اسے پہلے کی طرح ایک مقررہ مدت تک محدود کیا جانا چاہیے۔
یہ بیان دہلی کی ایک عدالت کی جانب سے آسیہ اندرابی کو عمر قید اور ان کی ساتھیوں نہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو 30، 30 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ سزا بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے سے متعلق ایک مقدمے میں دی گئی ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ آسیہ اندرابی طویل عرصے سے جیل میں ہیں اور ان کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کی عمر اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پیرول پر رہا کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ آسیہ اندرابی کے نظریات سے اتفاق نہیں کرتیں، تاہم انسانی ہمدردی کے تحت ان کے ساتھ نرمی برتی جانی چاہیے۔






