امت نیوز ڈیسک //
پونچھ، 26 مارچ: جموں–پونچھ قومی شاہراہ پر کلّر کے مقام پر پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ زوالوجی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تبسم ناز جاں بحق جبکہ ان کے شوہر شدید زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر تبسم ناز اپنے شوہر محمد حامد کے ہمراہ ماروتی سوئفٹ کار میں سفر کر رہی تھیں کہ کلّر کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثہ پیش آتے ہی علاقے میں افرا تفری پھیل گئی اور مقامی لوگ اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ریسکیو ٹیم نے دونوں کو گاڑی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹر تبسم ناز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ ان کے شوہر محمد حامد، جو گاڑی چلا رہے تھے، شدید زخمی ہوئے اور انہیں بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری یا توازن کھونے کے باعث حادثے کا شکار ہوئی۔
ڈاکٹر تبسم ناز کی اچانک موت سے پونچھ کے تعلیمی حلقوں میں گہرے دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وہ کالج میں ایک قابل اور متحرک استاد کے طور پر جانی جاتی تھیں اور طلبہ کے ساتھ ان کا قریبی تعلق تھا۔
مقامی لوگوں نے اس حادثے کے بعد جموں–پونچھ شاہراہ پر بڑھتے ہوئے حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑک کے تنگ موڑ، بھاری ٹریفک اور تیز رفتاری کے باعث یہ شاہراہ اب حادثات کا گڑھ بنتی جا رہی ہے اور مستقل حل کی ضرورت ہے۔




