امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: حکومت جموں و کشمیر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) اننت ناگ، سندیپ سنگھ بالی (جے کے اے ایس) کو ان کے طرز عمل کی جانچ مکمل ہونے تک فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق یہ کارروائی جموں و کشمیر سول سروسز (کلاسفکیشن کنٹرول اینڈ اپیل ) قواعد، 1956 کے قاعدہ 31 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ معطلی کے دوران مذکورہ افسر ڈویژنل کمشنر، کشمیر کے دفتر کے ساتھ منسلک رہیں گے۔ یہ فیصلہ لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کی بنیاد پر گیا ہے۔
واضح رہے کہ سرکاری حکمنامے میں کسی مخصوص طرز عمل کی وضاحت نہیں کی گئی ہے جس کی بنیاد پر انہیں ملازمت سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سرکاری ملازمین کی معطلی کے لیے نشہ خوری، رشوت خوری اور فحش حرکات وغیرہ سمیت مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، خاص طور پر جموں و کشمیر میں عکسری سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے معاملے پر بھی سرکاری ملازمین کی برخاستگی اور برطرفی عمل میں لائی جاتی ہے۔ تاہم اے ڈی سی سندیپ سنگھ بالی کے خلاف اس کارروائی کی وجہ سامنے آنا باقی ہے۔





