امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 10 اپریل: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹیریٹری میں مویشیوں (گائے، بیل وغیرہ) کی نقل و حمل کو منظم کرنے کے لیے معیاری عملی طریقہ کار (SOPs) تیار کرنے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ کمیٹی موجودہ قوانین کا جائزہ لے کر مویشیوں کی گاڑیوں اور پیدل نقل و حمل سے متعلق تفصیلی رہنما اصول مرتب کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اجازت ناموں، ہیلتھ سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات کی جانچ کے لیے واضح طریقہ کار بھی طے کرے، جن پر عمل درآمد کے دوران متعلقہ ایجنسیاں سختی سے عمل کریں گی۔
حکام نے بتایا کہ کمیٹی مویشیوں کی نقل و حمل کے دوران ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے، غیر قانونی ترسیل کو روکنے اور مختلف محکموں کے درمیان تال میل بہتر بنانے کے لیے بھی سفارشات پیش کرے گی۔
مزید برآں، کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تجاویز بھی پیش کرے گی۔






