امت نیوز ڈیسک //
پاکستان میں مذاکرات کے لئے ایران کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ سپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں۔
ایرانی وفد کی قیادت کرنے والے محمد باقر قالیباف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی نیت نیک ہے، تاہم امریکہ پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مذاکرات کے باوجود ایران پر حملے کیے گئے اور جنگی جرائم کا ارتکاب ہوا۔
قالیباف نے واضح کیا کہ اگر امریکہ سنجیدگی کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور ایرانی قوم کے جائز حقوق کو تسلیم کرتا ہے تو ایران بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن نے مذاکرات کو محض نمائشی عمل یا دھوکہ دہی کے طور پر استعمال کیا تو تہران اپنی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا ہر صورت دفاع کرے گا۔
ایرانی اسپیکر نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کی دفاعی کارروائیوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔






