امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 7 جون: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے پارٹی رہنما طالب چوہدری کی گرفتاری پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
محبوبہ مفتی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ طالب چوہدری کو غریب اور پسماندہ قبائلی برادری کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی پاداش میں جیل بھیجا گیا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سدھرا میں مبینہ طور پر من مانی انہدامی کارروائی کے خلاف ایک پُرامن مارچ نکالنے پر طالب چوہدری کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرنا گجر-بکروال برادری کے لیے ایک منفی اور تشویشناک پیغام ہے، جبکہ یہ برادری ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جموں و کشمیر پولیس اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "طالب کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔”
واضح رہے کہ طالب چوہدری کو سدھرا میں انہدامی کارروائی کے خلاف احتجاجی مارچ کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر بحث جاری ہے۔





