امت نیوز ڈیسک //
راجوری، 7 جون: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں جاری انسدادِ ملی ٹنسی آپریشن کے دوران فوج کے ایک نوجوان افسر لیفٹیننٹ بیریشور گوسوامی فرض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ گوسوامی "آپریشن شیراوالی” میں شامل تھے، جو گزشتہ سولہ دنوں سے راجوری کے دورمال-گمبھیر مغلان جنگلاتی علاقے میں جاری ہے۔ ہفتہ کی شام وہ ایک سرچ پارٹی کی قیادت کر رہے تھے جب دشوار گزار پہاڑی راستے پر چلتے ہوئے ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہری کھائی میں جا گرے۔
ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی، تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے افسر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا اور تمام فوجی جوانوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وائٹ نائٹ کور نے اپنے بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ بیریشور گوسوامی نے دشوار گزار پہاڑی علاقے، کھڑی چٹانوں اور خراب موسمی حالات میں آپریشنل فرائض انجام دیتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی۔
واضح رہے کہ آپریشن شیراوالی مئی کے آخر میں شروع کیا گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز راجوری کے گھنے جنگلات میں چھپے دو سے تین ملی ٹنٹ کی تلاش میں مصروف ہیں۔





