امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی، 6 جون: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے ہفتہ کے روز نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ شروع کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں ملک بھر سے طلبہ، نوجوانوں اور تنظیم کے حامیوں نے شرکت کی۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے امریکہ سے نئی دہلی پہنچنے کے بعد سیدھا جنتر منتر روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے نیٹ 2026 امتحان میں پیپر لیک اور سی بی ایس ای کے آن اسکرین مارکنگ سسٹم میں بے ضابطگیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے ’’ہم نے میک اِن انڈیا مانگا، آپ نے لیک اِن انڈیا دیا‘‘ اور ’’دھرمیندر پردھان استعفیٰ دو‘‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے تعلیمی نظام میں شفافیت لانے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ ملک کے نوجوان اب خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
ادھر ترنمول کانگریس کی راجیہ سبھا رکن ساگاریکا گھوش نے بھی احتجاجی تحریک کی حمایت کا اظہار کیا، جبکہ تنظیم کے ترجمانوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے وزیر تعلیم کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور تعلیمی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات نہیں ہوتیں، تب تک احتجاج جاری رہے گا۔





