امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جموں کشمیر پولیس نے ضلع اننت ناگ کے نونونی علاقے سے لاپتہ ہوئی تین کمسن لڑکیوں کو چند ہی گھنٹوں میں تلاش کرکے بحفاظت ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔
گزشتہ شام یعنی 12 کو نون وانی، اچھہ بل، اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی تین کمسن لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی اننت ناگ پولیس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی۔
پولیس بیان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اننت ناگ کی نگرانی میں متعدد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ایک مربوط تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا۔ تکنیکی معاونت، زمینی سطح پر تحقیقات اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پولیس ٹیمیں چند گھنٹوں کے اندر ہی تینوں لڑکیوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئیں۔
اننت ناگ پولیس کے مطابق تینوں لڑکیاں بحفاظت اور خیریت سے بازیاب کی گئیں۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں ان کے قانونی سرپرستوں کے حوالے کر دیا گیا۔
عوامی حلقوں نے اننت ناگ پولیس کی اس فوری اور مؤثر کارروائی کی سراہنا کی ہے اور کہا کہ "عوام، بالخصوص بچیوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کے تئیں پولیس اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔”وہیں پولیس نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کی صورت میں فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔





