امت نیوز ڈیسک //
بانہال، 6 جولائی: ضلع رام بن کے چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) نے گورنمنٹ مڈل اسکول کراواہ، زون بانہال کے ایک طالب علم کے کئی گھنٹوں تک اسکول کے اندر بند رہ جانے کے واقعہ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے پورے عملے کو معطل کر دیا ہے اور معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق یہ واقعہ 4 جولائی 2026 کو پیش آیا، جب ایک طالب علم شام تقریباً آٹھ بجے اسکول کی عمارت کے اندر بند پایا گیا۔ واقعہ گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل پیش آیا۔
حکم نامے میں اس واقعے کو طلبہ کی حفاظت اور نگرانی کے حوالے سے متعلقہ اہلکاروں کی ابتدائی طور پر سنگین غفلت اور فرائض میں کوتاہی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس لاپرواہی سے طالب علم کی جان و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
تحقیقات مکمل ہونے تک جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول و اپیل) قواعد 1956 کے رول 31 کے تحت اسکول کے تمام ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران تمام ملازمین آئندہ احکامات تک اسی اسکول کے ساتھ منسلک رہیں گے۔
سی ای او نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جس میں پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول گرلز بانہال کو چیئرپرسن، زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال اور ہیڈ ماسٹر ہائی اسکول بنکوٹ کو رکن نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو تین روز کے اندر ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے اپنی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثنا، تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، اس مقصد کے تحت اسکول میں پانچ اساتذہ، ادارے کے سربراہ ، دو این وائی سی اہلکار اور ایک فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کو تعینات کیا گیا ہے۔






