امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 6 جولائی: سری نگر ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ آج ہوائی اڈے سے کوئی بھی شیڈول کمرشل پرواز آپریٹ نہیں ہوگی۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری مسافر ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پیر اور منگل کے لیے مجوزہ نوٹم (NOTAM) واپس لیے جانے کے بعد مختلف ایئرلائنز تازہ آپریشنل صورتحال کے مطابق اپنی پروازوں کے شیڈول پر نظرثانی اور انہیں بحال کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، جبکہ توقع ہے کہ منگل سے پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی، جب متعلقہ ایئرلائنز نظرثانی شدہ شیڈول جاری کریں گی۔
انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کے صبر و تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔






