امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں بالائی علاقوں میں بادل پھٹنے کے بعد اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ سیلابی ریلے سے متعدد ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، ریستوران اور رہائشی مکانات متاثر ہوئے، جبکہ کئی علاقوں میں پانی گھروں اور ہوٹلوں کے گراؤنڈ فلور تک داخل ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، فلڈ کنٹرول اور دیگر محکموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر آوورہ، دہواتھو، لَڈی اور بٹکوٹ سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ برقی حادثات سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے نقصانات کا سروے شروع کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں صفائی، بجلی کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام، سیاحوں اور شری امرناتھ یاترا کے زائرین کو خراب موسم کے دوران ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔






