(بغداد) عراقی وزیراعظم مصطفیٰ کاظمی کے گھر کو ڈرون حملہ میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں وزیراعظم مصطفیٰ کاظمی کے گھر کو ڈرون حملہ میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تاہم عراقی وزیراعظم محفوظ رہے۔ عراقی سیکیورٹی فورسز کے مطابق وزیراعظم مصطفیٰ کاظمی پر ڈرون میزائل کے ذریعے قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے جب کہ حملے میں ان کے محافظ زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ڈرون حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب عراقی وزیراعظم مصطفیٰ کاظمی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ قاتلانہ حملے میں وہ مکمل محفوظ ہیں تاہم دشمنوں کے میزائل ہمارے عزم اور حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتے، عوام کی سلامتی اور قانون کے نفاذ کے لیے موجود سیکیورٹی فورسز پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
— Mustafa Al-Kadhimi مصطفى الكاظمي (@MAKadhimi) November 7, 2021