امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے دمحال علاقہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت جے کے پی سی سی کے سابق ریاستی صدر اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر نے کی۔ اس موقعے پر پارٹی کے کئی سرکردہ رہنماؤں سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔
پارٹی رہنماوں نے خطاب کے دوران کارکنان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو بنیادی طور مضبوط بنانے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا جنوری کے آخری ہفتہ میں جموں کشمیر میں وارد ہوگی۔ اس کے لئے پارٹی کی جانب سے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس یاترا کا ملک کی دیگر ریاستوں سے زیادہ تعاون فراہم ہوگا اور یاترا کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کی مانگ بھارت جوڑو یاترا کا بنیادی حصہ ہوگی۔