(ریاض)سعودی عرب کے پہاڑوں پر افطار کرنے والے چند لوگوں کی تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔۔ العربیہ نیوز کے مطابق شہریوں کے ایک گروپ نے بلند و بالا فیفا پہاڑ کے کنارے پر بیٹھ کر افطاری کی ۔جازان میں ٹور گائیڈ بسام الفیفی نے اس منظر کو کیمرے کے لینز میں محفوظ کر کے امر کردیا ۔فوٹو گرافر بسام الفیفی نے بتایا کہ میرے پاس مہمانوں کا ایک گروپ تھا اور میں نے ان خوبصورت لمحات کو ان کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کی۔ فیفا کے پہاڑ سعودی عرب کے انتہائی جنوب مغرب میں واقع ہیں، فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ پسندیدہ مقام ہے ، لوگوں کی بڑی تعداد خوبصورت ماحول اور دلکش فطرت سے لطف اندوز ہونے کیلئے اس خطے کا رخ کرتی ہے ۔ یہ خطہ سطح سمندر سے 7 ہزار فٹ بلند اور آثار قدیمہ کے متعدد مقامات لیے ہوئے ہے ۔









