امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 6 مئی: وادی کشمیر میں ہفتہ کو دو مختلف مقامات پر بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں میاں بیوی سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے جی این ایس کو بتایا کہ آج دوپہر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پامپور کے بوج باغ علاقے میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ہلال احمد ہانجی (25) اور ان کی بیوی روزیہ جان (25) کی موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ، حکام نے جی این ایس کو بتایا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے مجپتھری علاقے میں ایک اونچائی پر گھاس کے میدان میں بجلی گرنے سے دو افراد کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت تاجہ بیگم اہلیہ عبدالصمد چوپان اور محمد سلطان چوپان داماد غلام محمد چوپان ساکن گورویت کلاں کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے دونوں واقعات کے سلسلے میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ (جی این ایس)











