امت نیوز ڈیسک //
حیدرآباد: احمد آباد میں کرکٹ شائقین کا ہجوم اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ کرکٹ میں بھارت اور پاکستان کا مقابلہ کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا۔ ورلڈ کپ 2023 کا 12 واں میچ آج (14 اکتوبر) نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا اپنے روایتی حریف پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ یہ میچ دوپہر دو بجے سے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے کی امید ہے۔
ونڈے ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان آٹھویں مرتبہ مدمقابل ہوں گے۔ اس سے پہلے ان دونوں ٹیموں کے مابین سات میچ ہوئے ہیں جس میں ہر دفعہ ٹیم انڈیا نے بازی ماری ہے۔ اس مقابلے کو مد نظر رکھتے ہوئے ریلوے نے خصوصی ٹرین بھی چلائی تھی۔ وہیں ایسی خبریں بھی آئیں کہ احمد آباد میں پورے ہوٹلس بُک ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے ہوٹلوں کا کرایہ ڈیڑھ لاکھ روپے تک چارج کیا جانے لگا۔ بھارت اور پاکستان کے بیچ اگر مقابلہ ہو تو صرف ایشیائی ممالک ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے شائقین بھی اس میں دلچسپی دکھاتے ہیں۔
اس مقابلے میں تمام شائقین کی نظریں بھارت کے کپتان روہت شرما پر رہنے والی ہیں۔ روہت ان دنوں زبردست فارم میں ہیں اور انہوں نے دہلی میں افغانستان کے خلاف شاندار سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف 131 رنز کی اننگز کھیل کر ہلچل مچا دی ہے۔زمبابوے سے فون پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے لال چند راجپوت نے کہا، ‘ٹی 20 فارمیٹ نے بہت سے کھلاڑیوں کے شاٹ سلیکشن کو بہتر کیا ہے اور وہ اب زیادہ مثبت ہو گئے ہیں۔ روہت شرما کے پاس شاٹ سلیکشن کے لیے کافی وقت تھا اور انھوں نے اپنے شاٹ سلیکشن کو بہتر کیا ہے۔ اس کا شاٹ سلیکشن بہتر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ میں تین ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بڑے اسکور بنائے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سنچری بنائی ہے۔ ایک بلے باز کے طور پر یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے شاٹ سلیکشن کو بہتر بنانے کی کوشش کریں اور بہتری لاتے رہیں۔ آپ ان شعبوں میں بہتری لائیں جہاں آپ کو بہتری کی ضرورت ہے۔ آپ ایک طرف نہیں کھیل سکتے، آپ کو پل شاٹس کھیلنے، اونچے شاٹس مارنے کی ضرورت ہے، جس میں روہت شرما نے زبردست مہارت حاصل کی ہے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں مضبوط نظر آ رہی ہیں۔ دونوں ہی ٹیموں کے دو، دو جیت کے ساتھ برابر کے پوائنٹس ہیں۔ سری لنکا کے خلاف تیز اور جارحانہ اننگز کھیل کر محمد رضوان نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی جیت کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے۔ شائقین کے زبردست جوش و خروش کے درمیان بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں ہفتہ کو آمنے سامنے ہونے جا رہی ہیں جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں پر دباؤ ہوگا۔