امت نیوز ڈیسک //
وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کے بیچ پیر کی گلی ، گلمرگ اور گریز سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور کچھ میدانی علاقوں میں رم جم بارشیں ہوئی ۔ ادھر بارشوں اور برفباری کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں کچھ بہتری آئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ سمیت چند بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ، کپواڑہ کے کچھ حصوں اور گاندربل کے کنگن سے برفباری کی اطلاع ملی ہے جبکہ سرینگر میں صبح سویرے رم جم بارشیں ہوئی۔
دریں اثنا، بادل چھائے رہنے کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جس کے ساتھ سرینگر میں منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
اسی طرح سے پہلگام میں گزشتہ رات منفی 6.3 ڈگری کے مقابلے میں منفی 0.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔