امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اتوار کو لبنان اور غزہ کے ‘شہیدوں’ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات 2024 کے آخری مرحلے کے لیے انتخابی مہم منسوخ کر دی۔ انہوں نے لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے تئیں اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حسن نصراللہ جمعہ کو اسرائیل کے فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔ حزب اللہ نے ہفتے کے روز نصر اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ مفتی نے آج اپنی انتخابی مہم کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی فلسطین اور لبنان کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مفتی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ”لبنان اور غزہ کے شہداء بالخصوص حسن نصر اللہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے میں کل اپنی مہم منسوخ کر رہی ہوں۔‘‘ دکھ کی اس گھڑی میں ہم فلسطین اور لبنان کے عوام اور مثالی مزاحمت کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
وہیں اسرائیل کے حملے میں حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے خلاف آج جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہے۔ آخری مرحلے کے لیے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ یونین ٹیریٹری میں آخری مرحلے میں 40 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔