امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے قانون ساز اسمبلی میں بزنس قواعد اور اور طریقہ کار کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
تاہم اس کمیٹی میں کشمیر صوبے کے اپوزیشن پارٹیوں میں سے کوئی بھی رکن اسمبلی شامل نہیں ہے۔جاری آرڈر کے مطابق سپیکر عبدالرحیم راتھر کمیٹی کے چیئر میں ہوں گے۔ وہیں ممبران اسمبلی مبارک گل (این سی) محمد یوسف تاریگامی (سی پی آئی-ایم)، سیف اللہ میر (این سی)، نظام الدین بٹ (کانگریس)، پون کمار گپتا (بی جے پی)، حسنین مسعودی(این سی)، رنبیر سنگھ پٹھانیا (بی جے پی ) اور مظفر اقبال خان(این سی اتحادی) رکھے گئے ہیں ۔
اس طرح سے اس کمیٹی میں حکمران اتحاد کے سات اور بی جے پی کے دو ارکان ہیں۔ وہیں کشمیر صوبے کی اپوزیشن جماعتوں کا کوئی لیڈر اس پینل میں شامل نہیں ہے۔
کمیٹی آئندہ بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں طریقہ کار اور کاروبار کے قواعد کے مسودے کو حتمی شکل دے گی۔










