امت نیوز ڈیسک //
شدید گرمی کی لہر کے بیچ منگل کی بعد دوپہر سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آتے ہوئے شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں جہاں لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا وہیں تیز ہواﺅں کے چلتے بارشوں سے راحت نصیب ہوئی ۔ ادھر ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیوں کی بھی پیشگوئی کرتے 31مئی تک موسمی صورتحال ناساز رہنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق منگل کو دن بھر شدید گرمی کی لہر کے بیچ بعد دوپہر اچانک موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران شہر سرینگر سمیت وادی کے شمال و جنوب میں تیز آندھی ، ژالہ باری اور شدید بارشیں ہوئی ۔ شدید بارشوں کے بیچ شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ باری سے کھیت کھلیانوں اور میوہ باغات میںکافی نقصان ہو گیا ہے ۔ نمائندوں کے مطابق کچھ دنوں کے خوشگوار موسم کے بعد منگل کے بعد دوپہر وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو ا جو شام دیر گئے تک جاری رہا ۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ادھر سرینگر ، شمالی اور جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب کچھ منٹوں تک شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف سفیدی چھا گئی ۔ انہوںنے بتایا کہ شدید نوعیت کی ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات میں کافی نقصان ہو گیا جبکہ کھیت کھیلانوں میںکافی تباہی پہنچ گئی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں31مئی تک موسمی صورتحال ناساز رہنے کی امید ہے۔ اس دوران کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں چند دنوں کے دوران بیشتر مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔











