امت نیوز ڈیسک //
بڈگام، 19 جون: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ہروانی، خانصاحب علاقے کے دو بہن بھائی مبینہ طور پر بدھ کے روز پانی کے گہرے ٹیوب ویل میں گر گئے، جس کے نتیجے میں ایک چھ سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا، جب کہ اس کی چھوٹی بہن کی حالت نازک ہے۔
سرکاری ذرائع نے خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کو بتایا کہ متاثرین کی شناخت باسط احمد خان (6) اور اس کی بہن زینب (5) کے طور پر ہوئی ہے، جو ہروانی کے رہنے والے محمد افروز خان کے بچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیوب ویل میں گرنے کے بعد دونوں بچے بے ہوش پائے گئے اور انہیں ان کے اہل خانہ نے قریبی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا۔
اسپتال میں ڈاکٹروں نے باسط کو پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا، جب کہ زینب کو جدید علاج کے لیے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کردیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ (جے کے این ایس)










