امت نیوز ڈیسک//
تحصیل ویلفیئر کمیٹی منجاکوٹ کے ایک وفد نے آج جموں میں اُس نوجوان پرویز احمد کے گھر جا کر فاطحہ خوانی کی، جسے حال ہی میں جموں پولیس کی طرف سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
کمیٹی کے ارکان نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اُن کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلایا۔
اس موقع پر کمیٹی کے صدر جناب فاروق خان نے صحافی آصف خان سے بات کرتے ہوئے کہا:
"پرویز احمد کا قتل محض ایک شخص کی جان لینے کا واقعہ نہیں، بلکہ یہ پورے نظامِ انصاف کے لیے ایک امتحان ہے۔ ہم جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کروا کر مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہی اُن کے زخموں پر مرہم رکھ سکتی ہے، اور اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو عوام میں ناراضگی اور بے چینی مزید بڑھے گی۔
کمیٹی نے شہری سماج، سیاسی و سماجی تنظیموں، اور انسانی حقوق کے اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ آواز بلند کریں تاکہ مظلوم کو اُس کا حق مل سکے۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پوری قوم کے ضمیر کا ہے، اور ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا ظلم کی حمایت کے مترادف ہے۔










