امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 15 اکتوبر :ایک روز بعد جب پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ پر “سیاسی منافقت” کا الزام لگاتے ہوئے سخت حملہ کیا، تو ڈپٹی وزیراعلیٰ سرندر چودھری نے بدھ کے روز سجاد لون سے سیاسی گفتگو میں شائستگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
خبر رساں ادارے کشمیر نیوز ٹرسٹ سے بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی اختلافات فطری ہیں، لیکن ذاتی نوعیت کے ریمارکس اور سخت زبان عوامی مباحثے کی وقار کو کم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: “میں ان کے مرحوم، قابلِ احترام والد سے ملا ہوں اور ان کے لیے میرے دل میں بڑی عزت ہے۔ میں سجاد لون کا بھی احترام کرتا ہوں، وہ ایک تعلیم یافتہ شخص ہیں، لیکن جس طرح ان کے والد اپنے خیالات اور دلائل پیش کرتے تھے، وہ انداز، وہ شائستگی سجاد کے بیانات میں نظر نہیں آتی۔”
چودھری نے سجاد لون پر زور دیا کہ وہ اپنے والد کے متوازن اور سنجیدہ طرزِ بیان کی تقلید کریں۔
انہوں نے کہا، “میں سجاد لون سے درخواست کرتا ہوں کہ کچھ شائستگی دکھائیں۔ تنقید سیاست کا حصہ ہے، مگر یہ تعمیری اور باوقار ہونی چاہیے۔”
قابلِ ذکر ہے کہ ڈپٹی وزیراعلیٰ کے یہ تبصرے ایک دن بعد سامنے آئے جب سجاد لون نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ عمر عبداللہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ راجیہ سبھا نشستوں کے معاملے میں بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے اتحادیوں سے غداری کر رہے ہیں۔
[کے این ٹی]










